سندھ حکومت نے سندھ دھرتی کے عظیم صوفی شاعر اور بزرگ شاہ عبد اللطیف بھٹائی کے عرس کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کیا ہے، جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
جاری کردہ سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق 20 اگست بروز منگل شاہ عبد اللطیف بھٹائی کے عرس کے موقع پر صوبے بھر میں عام تعطیل کی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق اس حوالے سے منعقدہ سرکاری تقریبات میں شاہ لطیف ادبی کانفرنس، روایتی سندھی کشتی ’’ملاکھڑو‘‘ کے مقابلے، صوفیانہ محفل موسیقی کا انعقاد وغیرہ شامل ہوں گے۔
علاوہ ازیں زرعی اور صنعتی نمائشیں، ثقافتی اشیا کی تشہیر و ترویج کیلئے ثقافتی ولیج کا قیام اور سندھ کے سب سے بڑے سرکاری ایوارڈ ’’شاہ لطیف ایوارڈ‘‘ کی تقریب تقسیم شامل ہیں۔
واضح رہے کہ حضرت شاہ عبد اللطیف بھٹائی کے تین روزہ سالانہ عرس کی تقریبات ہر سال 14 صفر سے ان کی آخری آرام گاہ والے شہر بھٹ شاہ میں منعقد کی جاتی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








