سابق آئی جی جیل خانہ جات شاہد سلیم بیگ گھر پہنچ گئے، گرفتاری کی تردید

تازہ ترین

تازہ ترین

سابق آئی جی
(فوٹو: ایکسپریس نیوز)

لاہور: سابق آئی جی جیل خانہ جات شاہد سلیم بیگ گھر واپس پہنچ گئے ہیں، سابق آئی جی نے حساس اداروں کی طرف سے گرفتاری کی تردید کردی۔

تفصیلات کے مطابق گھر پہنچنے کے بعد شاہد سلیم بیگ نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ میں اپنے ہی گھر میں اپنی گرفتاری کی خبر چائے پیتے ہوئے سن رہا ہوں۔ اسے زرد صحافت کہاجاتا ہے۔ میں اپنے گھر پر موجود ہوں، ابھی زیادہ بات نہیں کرسکتا۔

سابق آئی جی جیل خانہ جات کے متعلق بعض میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ حساس اداروں نے ان کو حراست میں لیا تھا اور تحقیقات کے بعد رہائی دے کر گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔ شاہد سلیم بیگ نے 5سال تک آئی جی کے عہدے پر کام کیا تھا۔

سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری سے قبل آئی جی جیل خانہ جات شاہد سلیم بیگ اپنے عہدے سے سبکدوش ہوچکے تھے۔ میڈیا کا ذرائع کے حوالے سے دعویٰ ہے کہ شاہد سلیم بیگ سے عمران خان کی سہولت کاری کے معاملے میں پوچھ گچھ کی گئی تھی۔

حال ہی میں سابق سربراہ آئی ایس آئی جنرل فیض حمید، 2 ریٹائرڈ برگیڈئیرز اور ایک ریٹائرڈ کرنل سمیت فوج کے 4 اعلیٰ افسران کو حراست میں لیا گیا جن پر مختلف الزامات عائد ہیں۔ اڈیالہ جیل کے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم بھی حساس اداروں کی تحویل میں ہیں۔

Related Posts