اسلام آباد: معروف صحافی اور ٹی وی میزبان حامد میر نے سست رفتار انٹرنیٹ اور فائر وال کی تنصیب پر عدالت سے رجوع کرلیا ہے۔
سینئر صحافی حامد میر نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں سست رفتار انٹرنیٹ اور فائر وال کی تنصیب کے خلاف اپنی درخواست کیلئے نامور وکیل اور سماجی رہنما ایمان مزاری کو وکیل بناتے ہوئے عدالت سے فیصلہ ہونے تک فائر وال کی تنصیب معطل کرنے کی استدعا کی۔
معروف ٹی وی میزبان حامد میر نے عدالت سے اپنی درخواست میں استدعا کی کہ ملک بھر میں تھری جی اور فور جی سروسز کی بندش سے 1اعشاریہ 3 ارب روپے یومیہ نقصان ہورہا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کی بندش اور فائر وال کے باعث انٹرنیٹ کی رفتار سست پڑ گئی۔
اپنی درخواست میں حامد میر کا کہنا ہے کہ انٹرنیت کی سست رفتاری کے باعث بنیادی انسانی حقوق متاثر ہورہے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ چند روز سے ملک بھر میں صارفین کو انٹرنیٹ سروسز کے استعمال میں دشواری کا سامنا ہورہا ہے۔
ملک بھر میں کچھ روز سے انٹرنیٹ سروس تو بحال ہے تاہم اس کی رفتار مسلسل کم اور خاص طور پر ڈیٹا پر انٹرنیٹ سروسز خلل کا شکار رہی ہیں جس سے شہریوں کا آن لائن کاروبار اور سواری سمیت لین دین میں مسلسل مشکلات کا سامنا رہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








