موبائل صارفین کیلئے توجہ طلب خبر سامنے آگئی، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے غیر قانونی سِمز کی مرحلہ وار بندش شروع کردی ہے۔
گزشتہ روز سے سِم بندش کے پہلے مرحلے میں جعلی سِمز اور منسوخ شدہ شناختی کارڈزز پر رجسٹرڈ سِمز کو بند کرنے کا عمل شروع کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ سِمز کی بندش نادرا سے حاصل کردہ ڈیٹا کی بنیاد پر ہورہی ہے۔
دوسرے مرحلے پر ایکسپائر شدہ شناختی کارڈز پر رجسٹرڈ سمز بند کی جائیں گی جبکہ تیسرے مرحلے میں مرحوم اور آنجہانی شہریوں کے نام پر رجسٹرڈ سِمز بند کردی جائیں گی، جس سے قبل موبائل صارفین کو آگاہی پیغامات بھجوائے گئے ہیں۔
آگہی پیغامات کے ذریعے حکام عوام کو سِمز سے متعلق ڈیٹا کو اَپ ڈیٹ کرنے کا کہہ رہے ہیں۔ پی ٹی اے حکام کا کہنا ہے کہ موبائل سِمز کے غیر قانونی استعمال کو کسی صورت برداشت نہیں کیاجائے گا۔ جعلی سِمز جرائم میں استعمال کی جارہی ہیں۔
خیال رہے کہ جعلی سِمز کے باعث قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جرائم کی بیخ کنی میں دشواری کا سامنا ہے۔ غیر قانونی سِمز بلاک کردئیے جانے کے بعد عوام کی بڑی تعداد سے قانونی سِمز کے استعمال کی پابندی کی توقع کی جارہی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








