شہرِ قائد میں پولیو سے بچاؤ کیلئے قطرے پلانے کی مہم جاری ہے۔ کراچی میں 27فیصد والدین نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلوانے سے انکار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں پولیو کی خصوصی مہم کے پہلے ہی روز 27فیصد والدین کی جانب سے بچوں کو پولیو ویکسین لگوانے سے انکار کا انکشاف سامنے ایا۔ جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ شروع ہونے والی مہم رواں ماہ 25اگست تک جاری رہے گی۔
مہم کے دوران بچوں کو منہ کے ذریعے ویکسین دینے کے ساتھ ساتھ آئی پی وی فریکشن ڈوز بھی دی جارہی ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت سندھ کو انسدادِ پولیو مہم مزید مؤثربنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پولیو مہم کے حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ پولیو ایک موذی مرض ہے جو ایک بچے کی زندگی تباہ کرکے رکھ دیتا ہے، انسدادِ پولیو مہم میں والدین اور سرپرستوں کو مکمل تعاون کرنا ہوگا۔ پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کی کوئی گنجائش نہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار پر والدین اور سرپرست کے خلاف کارروائی ہوگی۔ خیال رہے کہ اس سے قبل بھی پولیو ویکسینیشن کے دوران کراچی کے بے شمار والدین بچوں کو قطرے پلانے سے انکار کرتے آئے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








