کراچی: سندھ کے شہر خیرپور میں مبینہ زہریلا دودھ پینے سے ایک ہی خاندان کے 6افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں ڈاکٹرز کی عدم دستیابی کے باعث بچوں کی اموات ہوئیں۔
نجی ٹی وی اے آر وائی کی رپورٹ کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ خیرپور میں کچے کے علاقے میں واقع گاؤں ہیبت بروہی میں پیش آیا جہاں زہریلے دودھ کے باعث ایک ہی خاندان کے 10افراد بے ہوش ہوئے، ہسپتال منتقلی کے بعد 6افراد انتقال کر گئے۔
رپورٹ کے مطابق زہریلا دودھ پینے والے 4بچوں کی حالت تشویشناک ہوگئی جن میں محمد بخش، منظور، حاجانی اور مریم شامل ہیں، جاں بحق افراد کی شناخت سونیا، گنج بی بی ، فہمیدہ، غلام اصغر اور دلبر کے ناموں سے ہوئی۔
علاقے میں چھ لاشیں ایک ساتھ پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ گھر کی فضا سوگوار ہوگئی۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ ہسپتالوں میں طبی انتظامات اور ڈاکٹرز کی عدم دستیابی کے باعث ہمارے بچے جاں بحق ہوگئے۔
لواحقین نے غفلت برتنے والے طبی عملے کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کردیا۔ ذرائع کے مطابق بارش کے بعد کچے سے بچوں کو سول ہسپتال تک لانے میں دیر ہونے کی وجہ سے بھی بچوں کی حالت تشویشناک ہوگئی تھی۔
ڈاکٹرز کے مطابق کھانے میں زہریلی چیز کے باعث اتنی اموات ہوئیں، ٹیسٹ کے ذریعے مزید تفصیلات کا علم ہوسکے گا۔ کمشنر سکھر نے ڈی سی خیرپور سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








