لیڈی ڈاکٹر کے قتل پر ملک گیر احتجاج، 70بھارتی ڈاکٹرزکا مودی کو خط، مطالبات اور تجاویز کیا ہیں؟

تازہ ترین

تازہ ترین

لیڈی ڈاکٹر
(فوٹو: آن لائن)

بھارتی شہر کلکتہ میں خاتون ٹرینی ڈاکٹر سے زیادتی اور قتل پر ملک گیر احتجاج آج بھی جاری ہے۔ بھارت کے 70 پدم ایوارڈ یافتہ ڈاکٹرز نے وزیراعظم نریندر مودی کو خط لکھ دیا جس میں نیا قانون لانے کی تجویز دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایوارڈ یافتہ ڈاکٹرز نے ٹرینی ڈاکٹر سے عصمت دری اور بہیمانہ قتل پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی کو لکھے گئے  خط میں شعبہ صحت کے کارکنان کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے خصوصی قانون کے نفاذ کا مطالبہ کیا ہے۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز ہسپتالوں میں بہتر حفاظتی پروٹوکول کا نفاذ چاہتے ہیں۔

نامور بھارتی ڈاکترز بشمول اشوک وید، ہرش مہاجن، اے کے گروور، انوپ مشرا، الکا کرپلانی اور محسن ولی نے ٹرینی ڈاکٹر کی مبینہ اجتماعی زیادتی جیسے واقعات سے نمٹنے کیلئے بھارتی وزیراعظم سے فوری اور ذاتی مداخلت کا مطالبہ کیا اور تجویز دی کہ حکومت آرڈیننس لا کر شعبہ صحت کے ایسے کارکنان کو سخت ترین سزا دینا یقینی بنائے جو خواتین پر تشدد میں ملوث ہوں۔

واضح رہے کہ خاتون ڈاکٹر کے قتل کے بعد ملک بھر میں غم و غصے کا اظہار اور مسلسل احتجاج جاری ہے۔ کلکتہ کے آر جی کار میڈیکل کالج و ہسپتال میں زیر تربیت خاتون ڈاکٹر کے ساتھ زیادتی اور قتل کے واقعے نے عوام میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی۔ نامور ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ملک کے موجودہ قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور ہسپتالوں میں حفاظتی اقدامات بڑھائے جائیں۔

ڈاکٹرز نے اپنے خط میں زیر تربیت خاتون کے ساتھ بدسلوکی، ظالمانہ جنسی زیادتی اور پرتشدد قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تحریر کیا کہ ہم متاثرہ خاندان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں جن کا درد اور نقصان تصور میں بھی نہیں لایا جاسکتا۔ طبی ماہرین، پیشہ ور ڈاکٹرز اور طبی عملے کی حفاظت اور وقار کا تحفظ مودی حکومت کی اوّلین ترجیح ہونی چاہئے۔

Related Posts