کراچی میں خوفناک حادثہ، خاتون کار سوار نے ایک گاڑی، 5 موٹر سائیکلیں روند دیں، ویڈیوز سامنے آگئیں

تازہ ترین

تازہ ترین

فوٹو ایم ایم

کراچی کے علاقے کارساز میں خاتون کار سوار نے کئی افراد کو روند دیا، جس کے نتیجے میں لڑکی اور بزرگ شہری سمیت تین افراد جاں بحق، جبکہ متعدد زخمی ہوگئے، واقعے کی ویڈیوز سامنے آگئیں۔

عینی شاہدین کے مطابق کارساز روڈ پر تیز رفتار گاڑی خاتون ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہوگئی اور کئی موٹرسائیکلوں، گاڑیوں سے ٹکرا کر خود بھی الٹ گئی جبکہ وہاں کھڑے متعدد شہری بھی ٹکر کے نتیجے میں زخمی ہوئے۔

خاتون کی گاڑی کی زد میں پانچ موٹرسائیکلیں آئیں جن پر شہری سوار تھے۔ حادثے میں ایک بزرگ شہری، خاتون اور ایک مرد جاں بحق جبکہ متعدد راہگیر زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

حادثے میں خاتون کی گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا اور واقعے کے بعد خاتون کار موقع پر چھوڑ کر فرار ہوگئیں جنہیں شہریوں نے روکنے کی بھی کوشش کی مگر وہ ناکام رہے۔

ریسکیو رضاکاروں کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والی خاتون اور بزرگ کی شناخت نہیں ہوسکی تاہم ضابطے کی کارروائی کےلیے دونوں کی لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ جائے وقوع پر پولیس اور رینجرز کی نفری بھی پہنچ گئی ہے۔

Related Posts