لاہور: ملک کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی کم ہورہی ہے، بجلی کے مسائل حل کریں گے، عوام کو ریلیف دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ و نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ ناراضی کے نام پر دہشت گردی کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ وفاق، چاروں صوبے، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان ایک گلدستے کی مانند ہیں۔
گفتگو کے دوران اسحاق ڈار نے کہا کہ ہمیں اب ملک کو معاشی قوت بنانا ہے۔ 2017 میں ہمیں نہ روکا جاتا تو آج پاکستان ایک معاشی قوت بن چکا ہوتا۔ ہم نے ملک کی تباہی دیکھی۔ اب رونے دھونے سے فائدہ نہیں۔ محنت کریں گے۔ پاکستان جی 20ممالک میں ہوتا لیکن ایسا نہ ہوسکا۔
نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ ملکی استحکام اور سلامتی کیلئے دہشت گردی کا خاتمہ ضروری ہے۔ 2018 کے بعد جو کچھ ہوا وہ قوم کے سامنے ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں مہنگائی پر قابو پانے کی بھرپور کوشش جاری ہے۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ اللہ کے کرم سے دہشت گردی کاخاتمہ بھی ضرور ہوگا۔ ہم سب مل کر محنت کریں گے تو ان شاء اللہ ملک ترقی کرے گا۔ پاکستان دنیا میں روشن ستارہ بن کر ابھرے گا۔ پنجاب میں بجلی کی قیمتوں میں کمی دوسرے صوبوں پر نہیں تھوپ سکتے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پی ٹی آئی جلسہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کمشنر اسلام آباد کا اختیار تھا۔ معیشت بجلی کا سوئچ نہیں کہ آن آف کرنے سے درست ہوجائے۔ مفاہمتی پالیسی پر یقین رکھتے ہیں لیکن ایک چیز ریڈ لائن ہوتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








