مکران کوسٹل ہائی وے پر زائرین کی بس کھائی میں جاگری، 12 افراد جاں بحق

تازہ ترین

تازہ ترین

مکران کوسٹل ہائی وے
(فوٹو: آج نیوز)

کوئٹہ: مکران کوسٹل ہائی وے پر زائرین کی بس بزی لک کے مقام پر کھائی میں جاگری، خوفناک حادثے کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ ایران سے آنے والے زائرین کی بس کھائی میں جاگرنے کے باعث 12 افراد جاں بحق جبکہ 30 زخمی ہوگئے جنہیں فوری قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ حادثے کی وجوہات کا تعین کیاجارہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق زائرین کی بس ایران سے آتے ہوئے بزی لک کے مقام پر بریک فیل ہوجانے کے باعث کھائی میں جاگری۔ ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، جس کے بعد زخمی افراد اور جاں بحق افراد کی میتوں کو بس سے نکالا گیا۔

مقامی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ بس ایران سے پنجاب جارہی تھی جب یہ حادثہ پیش آیا۔ ریسکیو کی کارروائی جاری ہے جس میں پولیس، لیویز اہلکار اور دیگر ادارے ہاتھ بٹا رہے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث ہوا۔

زیادہ تر زائرین کا تعلق پنجاب کے مختلف شہروں سے ہے جن میں لاہور اور گجرانوالہ شامل ہیں۔ خیال رہے کہ کچھ ہی روز قبل پاکستانی زائرین کی بس کو ایرانی شہر یزد میں بھی حادثہ پیش آیا جس میں 28افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

Related Posts