ملک میں طاقتور مون سون سسٹم آج سے داخل ہونے کا امکان ہے جس کے بعد سندھ میں 26 اگست سے موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ کراچی میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں 26 سے 29اگست تک موسلا دھار بارش ہوگی۔ شہرِ قائد میں بارش کی پیشگوئی کے پیشِ نظر رین ایمرجنسی کا نفاذ عمل میں لایا گیا ہے۔ بلدیہ عظمیٰ کے تمام اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں۔
موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے میونسپل سروسز کو ہائی الرٹ کردیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے سندھ اور بلوچستان کے ماہی گیروں کو 27 سے 30 اگست تک سمندر میں نہ جانے کی ہدایت دی ہے۔
پراونشل ڈیزازسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 25 اگست سے پنجاب میں بھی مزید مون سون بارشوں پر متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کردیا۔ صوبے کے مختلف شہروں میں سیلاب کا خدشہ ہے جن میں ملتان اور بہاولپور ڈویژن شامل ہیں۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ لاہور، راولپنڈی، ملتان، گوجرانوالا، ساہیوال، گجرات اور فیصل آباد میں بھی بارشوں کا امکان ہے۔ دوسری جانب کراچی سمیت سندھ بھر میں 26 سے 29 اگست تک موسلا دھار بارش کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








