راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سہولت کاری میں ملوث نیٹ ورک سے منسلک وارڈرز بھی تبدیل کردئیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کی سہولت کاری میں ملوث نیٹ ورک سے منسلک ملازمین کو بھی تبدیل کردیا گیا۔ تبدیل شدہ ملازمین میں لاپتہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کے اردلی اور منظورِ نظر جیل وارڈر بھی شامل ہیں۔
لاپتہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کے اردلی محمد ظہیر اور محمد جمیل کو تبدیل کردیا گیا ہے۔ ماضی میں محمد ظہیر چوہدری پرویز الٰہی اور محمد جمیل شاہ محمود قریشی کے ساتھ نائٹ ڈیوٹی پر تعینات تھے۔ دونوں کے تبادلے کردئیے گئے۔
دونوں اردلیوں میں سے وارڈر جمیل کو چکوال اور ظہیر کو ڈسٹرکٹ جیل گجرات ٹرانسفر کیا گیا ہے۔ محمد اکرم کے منظورِ نظر وارڈر یاسر ریاض اور سجاد صدیق کو بالترتیب پی بی اکاؤنٹ اور تلاشی انچارج کے طور پر تعینات کیا گیا تھا۔
ماضی میں عمران خان کی مبینہ سہولت کاری پر وارڈر سجاد صدیق، محمد ظہیر، یاسر ریاض اور محمد جمیل سے تفتیش کی گئی۔ اڈیالہ جیل سے تبدیل شدہ وارڈرز میں سے ابرار قیصر، مدثر محبوب، محمد شاہد اکبر، محمد آصف، محمد شکیل اور دیگر شامل ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








