مذاکرات نہیں ہوں گے، تاجر برادری کاملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان

تازہ ترین

تازہ ترین

ملک گیر شٹر ڈاؤن
(فوٹو: کوئٹہ وائس)

کراچی: ملک کی مرکزی تنظیم تاجران پاکستان نے کہا ہے کہ اب حکومت سے مذاکرات نہیں ہوں گے، تاجر برادری نے ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان محمد کاشف چوہدری نے کہا کہ 28 اگست کو ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال ہر صورت کامیاب ہوگی۔ کراچی پریس کلب میں تمام تاجر تنظیموں کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کاشف چوہدری نے اہم اعلانات کیے۔

صدر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان محمد کاشف چوہدری نے کہا کہ حکومت طفل تسلیاں دے کر اور جھوٹے وعدے کرکے ہمیں مرعوب نہیں کرسکتی۔ ملک کا کاروبار اور معیشت بچانے کیلئے شٹر ڈاؤن ہڑتال ہوگی۔ تاجروں کے تحفظات اور معیشت کی بہتری کیلئے ہڑتال کریں گے۔

مرکزی تنظیم تاجران کے صدر نے کہا کہ تاجر ملکی معیشت کو پروان چڑھانے اور ایف بی آر کی غنڈہ گردی کا مقابلہ کرنے کا عہد کرچکے ہیں۔ جب تک تاجر دوست اسکیم ختم نہ ہوجائے، ہڑتال ختم نہیں ہوگی، نہ ہی ہم مذاکرات کریں گے۔ حکومت تاجر دوست اسکیم ختم کرے۔

محمد کاشف چوہدری نے کہا کہ حکومت کے چند مراعات یافتہ لوگوں نے تاجر دوست اسکیم کے ایس آر او میں معمولی تبدیلی کا ڈھونگ کیوں رچایا؟ہم متنبہ کرتے ہیں کہ حکومت کے مراعات یافتہ افراد کو منہ کی کھانی پڑے گی۔ ہم اپنے اتحاد و اتفاق سے حقوق لے کر رہیں گے۔

Related Posts