کوئٹہ: مچھ اور کولپور کے مابین ریلوے پل دھماکے سے تباہ کردیا گیا ہے جس کے نتیجے میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سے ٹرینوں کی آمدورفت بند ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق کولپور اور مچھ کے درمیان ریلوے پل کی تباہی کے بعد کوئٹہ سے اندرونِ ملک جانے والی تمام ترٹرینوں کی آمدورفت بند ہوئی ہے۔ نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کا کہنا ہے کہ بائی پاس کے علاقے میں بھی ریلوے ٹریک کے ساتھ دھماکہ ہوا۔
بائی پاس کے علاقے میں ریلوے ٹریک کے ساتھ دھماکے کے نتیجے میں ٹریک کو جزوی نقصان پہنچا۔ نجی ٹی وی کا ذرائع کے حوالے سے دعویٰ ہے کہ نامعلوم افراد نے ٹریک کے ساتھ دھماکہ خیز مواد نصب کیا تھا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بلوچستان کے شہر موسیٰ خیل میں 23 مسافر گاڑیوں سے اتار کر قتل کردئیے گئے۔ حکام کا کہنا تھا کہ مقتول مسافر ٹرکوں اور مسافر بسوں پر سوار تھے۔
آج سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق دہشت گردی کا یہ افسوسناک واقعہ موسیٰ خیل کے علاقے راڑہ شم میں پیش آیا جہاں مسافروں کو گاڑیوں سے اتار کر قتل کردیا گیا۔ ایس ایس پی موسیٰ خیل ایوب اچکزئی نے کہا کہ تمام افراد کو قتل کرنے کیلئے بسوں اور ٹرکوں سے اتارا گیا۔
ایس ایس پی موسیٰ خیل نے کہا کہ مسلح ملزمان نے بین الصوبائی شاہراہ پر ناکہ لگایا اور مسافروں کو بسوں سے اتارا اور مسافروں کو قتل کرنے کے بعد 10گاڑیوں کو آگ لگا دی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور لیویز فورس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








