پشاور: پاکستان میں منکی پاکس (ایم پاکس) کا چوتھا کیس رپورٹ کیا گیا ہے جس سے ملک بھر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
تفصیلات کے مطابق بیرونِ ملک سے پاکستان آنے والے 47سالہ مسافر کے جسم میں ایم پاکس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔ ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ ڈاکٹر ارشاد علی نے کہا کہ 47سالہ مریض کے جسم میں ایم پاکس وائرس پایا گیا ہے۔
ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ خیبر پختونخوا نے کہا کہ پشاور ائیرپورٹ پر میڈیکل ٹیم نے اسکریننگ کے دوران علامات ظاہر ہونے پر مریض کو پولیس سروسز ہسپتال منتتقل کردیا۔ ریپڈ رسپانس ٹیم نے مریض کے زخم سے نمونے لے کر ٹیسٹ کیلئے لیبارٹری بھجوا دئیے۔
نمونے ملنے کے بعد پبلک ہیلتھ ریفرنس لیبارٹری نے مریض کے جسم میں منکی پاکس وائرس کی موجودگی کی تصدیق کردی۔ ڈاکٹر ارشاد علی نے کہا کہ پولیس سروسز ہسپتال میں زیرِ علاج مریض کی حالت اس وقت بہتر ہے۔
ڈاکٹر ارشاد علی نے کہا کہ مریض کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع پشاور سے ہے۔ سال 2024 کے دوران خیبر پختونخوا میں منکی پاکس کا یہ چوتھا کیس رپورٹ ہوا ہے۔ ابھی تک کسی بھی مقامی کیس کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








