لاہور: سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے علی امین گنڈا پور کے خطاب میں خاتون صحافیوں کیلئے نامناسب زبان کے استعمال کے تناظر میں کہا ہے کہ کیا پٹھان ماؤں بہنوں سے اس طرح بات کرتے ہیں؟
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور کے اسلام آباد جلسے سے خطاب پر ردِ عمل دیتے ہوئے صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ 9 مئی کا مجرم غلیظ بیانات کے باعث علی امین گنڈا پور کے ساتھ کھڑا ہے۔
اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ کیا بدمعاش غنڈے اور سڑک چھاپ اپنے گھروں میں بہنوں سے اسی طرح بات کرتے ہیں؟ کیا غیرت مند پٹھان اپنی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو اسی طرح مخاطب کرتے ہیں؟
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے ہی اس قسم کے لوگوں کو پروان چڑھایا اور یہی 9 مئی کے مجرموں کی اصلیت ہے۔ یہی وہ غلیظ ذہنیت ہے جس نے ملک اور سیاست کوگندا کردیا۔
صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ غلیظ ذہنیت نوجوان نسل کو گمراہ کرنے کی خواہش رکھتی ہے۔ وہ لوگ بھی ایسے ہی ہیں جو اس غلییظ اور گھٹیا ذہنیت کی حمایت کرتے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایسے ہی غلیظ بیانات کے باعث 9مئی کے مجرم نے کہا کہ میں علی امین گنڈا پور کے ساتھ کھڑا ہوں، یہ لوگ ہی معاشرے میں غلاظت کے ذمہ دار ہیں۔ کے پی کے کا وزیر اعلیٰ خواتین کی عزت کرنے والے پٹھانوں کی نمائندگی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے خیبر پختونخوا کے عوام پر ترس آتا ہے اور دل دُکھتا ہے۔ یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے اسلام آباد کے جلسے کے دوران خطاب کرتے ہوئے خواتین صحافیوں سمیت صحافی برادری کو دھمکیاں دیں اور نامناسب زبان استعمال کی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








