اسلام آباد پولیس نے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر سے گرفتار کرلیا جبکہ زرتاج گل پولیس کو چکما دے کر فرار ہوگئیں۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس ختم ہونے کے بعد پولیس کی بھاری نفری پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر بھرپور تیاری سے پہنچی، تحریک انصاف کے رہنماؤں کے باہر آتے ہی پولیس نے پوزیشنز سنھالیں اور پھر شیر افضل مروت کو حراست میں لے لیا۔
حراست میں لیتے وقت شیر افضل مروت کے ساتھیوں اور پولیس کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی تاہم پولیس پی ٹی آئی رہنما کو حصار میں لے کر گرفتار کیا اور انہیں گھسیٹے ہوئے لے گئی جبکہ گاڑی کو قبضے میں لے لیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے عامر ڈوگر اور علی محمد خان پارلیمنٹ ہاؤس سے باہر نکلے اور باآسانی روانہ ہوگئے۔ شیر افضل مروت کی گرفتاری کے بعد تحریک انصاف کے مزید رہنماؤں اور اراکین اسمبلی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہی رکنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس کے بعد بیرسٹر گوہر، زین قریشی ، وقاص اکرم پارلیمنٹ ہاؤس واپس آگئے ہیں۔ اُدھر پولیس کا کہنا ہے کہ زرتاج گل اور عمر ایوب کو بھی گرفتار کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل گاڑی کی پچھلی نشست پر بیٹھ کر پولیس کو چکمہ دے کر فرار میں کامیاب ہوگئیں، جس کی تصدیق تحریک انصاف کے رہنما نے بھی کی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








