وفاق اور پنجاب کے بعد سندھ حکومت کا بھی 12ربیع الاوّل کو تعطیل کا اعلان

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو: آن لائن)

کراچی: وفاق اور پنجاب کے بعد سندھ حکومت نے بھی 12ربیع الاوّل کو عید میلاد النبی ﷺ  کے موقعے پر عام تعطیل کا اعلان کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے 12 ربیع الاوّل کو عید میلاد النبی ﷺ کے موقعے پر جاری نوٹیفکیشن میں کہا کہ 17 ستمبر کو 12 ربیع الاوّل کے پیشِ نظر عام تعطیل ہوگی۔ اس موقعے پر سندھ بھر کے تمام تعلیمی ادارے اور سرکاری دفاتر بند رکھنے کا اعلان کیا گیا۔

حال ہی میں پنجاب کی مریم نواز حکومت اور وفاق میں شہباز شریف حکومت نے بھی 17 ستمبر کو 12 ربیع الاوّل کے موقعے پر عام تعطیل کا اعلان کیا تھا۔ پنجاب، سندھ اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 12 ربیع الاوّل کے روز سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے ربیع الاوّل کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ 12 ربیع الاوّل کو عید میلاد النبی ﷺ 17ستمبر کو ہوگی۔ملک بھر میں ہر سال 12ربیع الاوّل کو عید میلاد النبی ﷺ مذہبی جوش و جذبے سے منائی جاتی ہے۔

ربیع الاوّل کا چاند دیکھنے کیلئے اسلام آباد میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس  8 روز قبل کافی دیر تک جاری رہا۔ اجلاس چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت ہوا جس میں سپارکو، محکمہ موسمیات اور وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کے نمائندے شریک ہوئے تھے۔

Related Posts