کراچی: اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ پاکستان کو آئی ایم ایف پروگرام سے متعلق تمام مالی یقین دہانیاں حاصل ہیں، عالمی مالیاتی ادارے سے پروگرام کا حصول مزید کسی رکاوٹ کا سامنا نہیں کرے گا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ پاکستان اپنا مقدمہ رواں ماہ پیش کرے گا، رواں مالی سال کے دوران پاکستان کو قرض کی ادائیگی کی مد میں 26 اعشاریہ 20 ڈالرز دینے ہیں، جبکہ 16اعشاریہ 3ارب ڈالرز رول اوور ہونگے۔
رپورٹ کے مطابق مارچ تک 14.1 ارب ڈالر واجب الادا ہوں گے، اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ مارچ تک 8.3 ارب ڈالر رول اوور ہوں گے، مارچ تک کے بقایا 5.8 ارب ڈالر ماہانہ 80 کروڑ سے 1 ارب ڈالر ادا کریں گے۔پاکستان نے جولائی سے ستمبر تک 4ارب ڈالرز کا قرض سیٹل کر لیا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان نے جولائی سے ستمبر تک 1.7 ارب ڈالر ادا کیے ہیں اور 2.3 ارب ڈالر رول اوور کیے گئے۔ واضح رہے کہ آئی ایم ایف کا بورڈ اجلاس 25ستمبر کو ہونا ہے جس میں پاکستان کیلئے خصوصی قرض پروگرام کی توثیق کی امید کی جارہی ہے۔
آئی ایم ایف کی ڈائریکٹر کمیونیکیشن جولی کوزیک کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف بورڈ میٹنگ جو 25ستمبر کو ہوگی، اس میں پاکستان کیلئے قرض پروگرام کی منظوری دئیے جانے کا امکان ہے۔ پاکستان سے آئی ایم ایف کا اسٹاف لیول معاہدہ جولائی کے دوران طے پاگیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








