کوالا لمپور: ملائشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم اکتوبر کے دوران متوقع طور پر پاکستان کا دورہ کریں گے۔ دورے کیلئے اعلیٰ سطحی وفد بھی اسلام آباد پہنچے گا۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کا اپنی رپورٹ میں سفارتی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ ہے کہ ملائشین وزیراعظم انور ابراہیم کے پہلے ہفتے میں یکم سے 7اکتوبر تک کسی بھی روز پاکستان کا دورہ کرسکتے ہیں۔ کسی بھی ملائشین وزیراعظم کا 5سال بعد یہ پہلا دورہ ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی دور میں سابق ملائشین وزیراعظم مہاتیر محمد نے مارچ 2019 میں پاکستان کا دورہ کیا اور اس وقت کے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات بھی کی تھی۔ دونوں وزرائے اعظم نے پاک ملائشیا تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال بھی کیا تھا۔
بطور وزیراعظم انور ابراہیم پاکستان کا دورہ پہلی بار کریں گے۔ دورے کے دوران پاک ملائشیا وزرائے اعظم کی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوگا جبکہ متعدد معاہدوں اور یادداشتوں پر دستخط کیے جانے کا بھی امکان ہے۔
ملائشین وزیراعظم انور ابراہیم اپنے پاکستانی ہم منصب شہباز شریف سمیت پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ اس دوران خطے کی صورتحال اور عالمی مسائل پر گفت و شنید بھی متوقع ہے۔ دونوں ممالک باہمی تجارت، سرمایہ کاری اور مسئلۂ فلسطین پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








