نوٹوں کے جو ڈیزائن فاتح قرار پائے، نئی سیریز کیلئے شارٹ لسٹڈ نہیں، اسٹیٹ بینک

تازہ ترین

تازہ ترین

اسٹیٹ بینک
(فوٹو: ڈان)

کراچی: اسٹیٹ بینک نے حال ہی میں منعقدہ نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن پر مقابلے کے نتائج کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوٹوں کے جو ڈیزائن فاتح قرار پائے، نئی سیریز کیلئے شارٹ لسٹڈ نہیں۔

نجی ٹی وی ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا کہ رواں سال جنوری میں نئے بینک نوٹوں کی سیریز کے موضوعاتی ڈیزائن اور آئیڈیاز کے لیے آرٹ کے مقابلے کے ساتھ نئے بینک نوٹوں کی سیریز کی ڈیزائننگ کا آغاز کیا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق مرکزی بینک کے بیان میں کہا گیا ہے کہ آرٹ مقابلے کا مقصد مقامی فنکاروں کی حوصلہ افزائی کرنا اور بین الاقوامی سطح پر رائج بہترین ضابطہ عمل کے مطابق ڈیزائن کی تیاری کے عمل میں عوام کو شامل کرنا تھا،  فاتح انٹریز کا  اعلان رواں ماہ 5ستمبر کو ہوا۔

اسٹیٹ بینک کی پریس ریلیز میں کہا گیا کہ آرٹ کے مقابلے کے ان نتائج کے اعلان کو ذرائع ابلاغ اور بعض عوامی حلقوں کی جانب سے نئے بینک نوٹوں کی سیریز کے ڈیزائنوں کی شارٹ لسٹنگ کے طور پر تعبیر کیا گیا، آرٹ مقابلے کے نتائج کا اعلان کرنے کا مقصد یہ نہیں تھا۔

پریس ریلیز میں کہا گیا کہ مقابلے کے نتائج کا اعلان کرنے کا مقصد محض فنکاروں کی کاوشوں کو سراہنا اور انعامات سے نواز کر ان کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔ فاتح قرار پانے والے ڈیزائنوں میں سے ایک نوٹ میں مذہبی تنوع کی عکاسی کی گئی اور پاکستان کے مذاہب اجاگر کیے گئے۔

مرکزی بینک نے کہا کہ عوام کے کچھ حلقوں نے اسے غلط طور ایک خاص مذہب کو نمایاں کرنے کی کوشش کے طور پر بیان کیا، حالانکہ آرٹ کمیٹی نے فاتح ڈیزائن کا انتخاب محض اس کے فنی معیار اور مذہبی تنوع کے موضوع کی بنیاد پر کیا ہے۔ واضح کرتے ہیں کہ یہ ڈیزائن شارٹ لسٹڈ نہیں۔

بیان کے مطابق اسٹیٹ بینک نے کہا کہ یہ بات واضح کی جاتی ہے  کہ مجوزہ نئی سیریز کے حتمی ڈیزائن مسابقتی عمل کے ذریعے منتخب کردہ معروف بین الاقوامی کمپنیاں ڈیزائن کر رہی ہیں۔یہ کمپنیاں دسمبر 2024 تک نئے ڈیزائنز کے لیے اپنی تجاویز پیش کریں گی۔

اس حوالے سے مرکزی بینک نے مزید کہا کہ اسٹیٹ بینک بورڈ کی جانب سے منظور کردہ ڈیزائنز جنوری 2025 تک حتمی منظوری کے لیے وفاقی حکومت کو پیش کیے جائیں گے، مرکزی بینک وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد ہی نئے ڈیزائن کے بینک نوٹوں کی اشاعت شروع کرے گا۔

Related Posts