بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے حوصلے تہاڑ جیل سے رہائی پانے کے بعد 100 گنا بڑھ گئے، انہوں نے ایک ایسا بیان دیا ہے کہ مودی حکومت لرز کر رہ گئی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز تہاڑ جیل سے رہائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا کہ جیل سے باہر آنے کے بعد میرے حوصلے 100 گنا بڑھ گئے ہیں، ان تمام ملک دشمن قوتوں کے خلاف لڑوں گا جو بھارت کو تقسیم اور کمزور کرنے کا کام کر رہی ہیں۔
خیال رہے کہ مودی حکومت کی مسلم دشمن اور فسادات پسند پالیسیوں کے باعث بھارت میں تقسیم در تقسیم کا ماحول پیدا ہورہا ہے۔ پہلے ہی ملک میں خالصتان اور ماؤ نواز باغیوں سمیت دیگر علیحدگی پسند تحریکیں عروج پر ہیں، ایسے میں مودی حکومت کو ملک کی تقیسم کا باعث سمجھا جاتا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا کہ میں ان لاکھوں کروڑوں افراد کا شکر گزار ہوں جن کی مہربانی سے میں جیل سے باہر آیا۔ لاکھوں افراد نے نیک تمنائیں اور دعائیں دیں۔ مندر اور مسجد کے علاوہ گردوارہ میں جا کر دعا کی، ان تمام کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔
وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا کہ میری زندگی ملک کیلئے وقف ہے، میرے جسم اور میرے خون کا ہر قطرہ وطن کیلئے وقف ہے، میں نے زندگی میں بہت جدوجہد کی، بہت سی مشکلات کا سامنا کیا، خدا نے ہر قدم پر ساتھ دیا کیونکہ میں سچا اور صحیح راستے پر تھا۔ ان لوگوں نے مجھے جیل میں ڈال دیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے تھے کہ اگر وہ مجھے جیل میں ڈالیں گے تو میرے حوصلے ٹوٹ جائیں گے۔ اب میں جیل سے باہر آیا ہوں تو میرا حوصلہ 100 گنا بڑھ گیا ہے۔ میری طاقت 100 گنا ہوگئی۔ جیل کی موٹی دیواریں، سلاخیں میری ہمت کو کمزور نہیں کرسکتیں۔ دعا ہے کہ خدا مجھے راستہ دکھاتا رہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








