ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان اور بھارت کی اب تک ناقابلِ شکست ٹیمیں آج آمنے سامنے ہوں گی، اب تک پاکستان کے خلاف 5 جبکہ بھارت کے خلاف صرف 3 گول ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت اور پاکستان پہلے ہی ایشین ہاکی چیمپینز ٹرافی کیلئے کوالیفائی کرچکے ہیں۔ بھارتی ٹیم نے 4میچز جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر 12 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر قبضہ جما رکھا ہے۔ بھارتی ٹیم نے مخالفین کے خلاف 19 گول کیے ہیں۔
قومی ہاکی ٹیم نے اپنے 4میچز میں سے 2 ڈرا کیے اور 2 میں کامیابی اپنے نام کی۔ پاکستان نے 4 میچز میں 11 گولز کیے جبکہ مخالفین نے پاکستان کے خلاف 5 گول کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ عالمی رینکنگ میں بھارتی ٹیم 5ویں جبکہ پاکستان 16ویں نمبر پر موجود ہے۔
ماضی میں بھارت نے 4 بار جبکہ پاکستان نے 3 بار ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی اپنے نام کی۔ آج پاکستان اور بھارت کا مقابلہ پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق دوپہر 1 بجے شروع ہوگا۔ آج ملائشیا اور کوریا کے علاوہ جاپان اور چین بھی مدِ مقابل آئیں گے۔
ایشین ہاکی چیمپینز ٹرافی کے سیمی فائنل میچز 17ستمبر کو کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ کے راؤنڈ میچز آج مکمل ہوجائیں گے جبکہ پاکستان اور بھارت کے علاوہ دیگر 2 سیمی فائنلسٹ ٹیموں کا بھی فیصلہ ہوجائے گا۔ اس سے ایونٹ میں اہم مقامات پر پہنچنے والی ٹیموں کا اندازہ ہوسکے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








