ون ڈے کے فارمیٹ میں فیصل آباد میں کھیلے گئے چیمپینز کپ کے میچ میں اسٹالینز نے ڈولفنز کو 174رنز کے طویل فرق سے شکست دے دی ہے جبکہ بابر اعظم نے سنچری اسکور کرڈالی۔
تفصیلات کے مطابق اسٹالینز اور ڈولفنز کے مابین سنسنی خیز میچ پنجاب کے تاریخی شہر فیصل آباد میں کھیلا گیا جہاں اسٹالینز نے پہلے بیٹنگ کی اور 7 وکٹس کے نقصان پر 271رنز بنائے۔ اس دوران قومی سطح کے میچز میں پرفارم نہ کرنے والے بابر اعظم نے شاندار سنچری کی۔
سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم بابر اعظم نے 104 رنز بنائے اور ناقابلِ شکست بھی رہے۔ اسٹالینز کے یاسر خان 46، شان مسعود 34، طیب طاہر 33 جبکہ حسین طلعت 23رنز بنا کر نمایاں بیٹرز رہے۔ بابر اعظم نے صرف 100 گیندوں پر 7 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 104 رنز بنائے۔
ڈولفنز کے کپتان سعود شکیل، میر حمزہ، عباس آفریدی، قاسم خان اور فہیم اشرف نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔ 272 رنز کے ہدف کے جواب میں ڈولفنز کی ٹیم اسٹالینز کو مات نہ دے سکی اور تمام کھلاڑی 25اوورز کھیل کر ہی 97رنز کے ساتھ پویلین لوٹ گئے۔
صاحبزادہ فرحان سب سے زیادہ 32، آصف علی 21 جبکہ سعود شکیل 12 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ اسٹالینز کے جہانداد خان اور مہران ممتاز نے ڈولفنز کے 3، 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ھارث رؤف اور ابرار احمد نے بھی 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جس کے نتیجے میں اسٹالینز نے میچ جیت لیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








