واشنگٹن: اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل سے خطاب کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی میڈیا کو دئیے گئے انٹرویو کے دوران پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل دونوں کے اجلاسوں سے خطاب کریں گے۔ اس موقعے پر امریکی صدر کے ساتھ وزیراعظم کی ملاقات طے نہیں۔
انٹرویو کے دوران مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات طے ہے۔ وزیراعظم دیگر اہم ممالک کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ ہمارا جغرافیہ بدل نہیں سکتا، ہمیں ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات رکھنے ہی ہوں گے۔
پاکستان کے مستقل مندوب نے کہا کہ افغان طالبان کی بہت سی پالیسیوں سے اختلاف کے باوجود پاکستان اور افغانستان کے مابین رابطے ضروری ہیں۔ ہمارے درمیان کئی مسائل ہیں لیکن ہمارا تعلق افغان عوام سے ہے۔ افغانستان اور پاکستانی عوام کے درمیان تعلقات نہیں بدلتے۔
مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا کہ ہم افغان حکومت کے ساتھ باہمی اختلافات کے حل کیلئے کام کریں گے۔ ہمیں اپنی سکیورٹی کیلئے جو ایکشن لینا ہے، وہ لے رہے ہیں۔ جہاں سفارت کاری کی ضرورت ہے، وہاں سفارتی کاوشیں جاری رکھیں گے۔ افغانستان کیلئے ہمارا مؤقف برقرار ہے۔
منیر اکرم نے کہا کہ پاکستان کا مطالبہ ہے کہ افغانستان کے منجمد اثاثے بحال کیے جائیں۔ ہم افغان عوام کی مدد اور ان کی حکومت کی غلطیاں درست کرنا چاہتے ہیں۔ افغانستان کے معاملے پر پاکستان کی پالیسی جامع ہے، جو جاری رہے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








