اسلام آباد: ملک بھر کے میڈیکل کالجز اور جامعات کے زیر انتظام ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس ٹیسٹ آج ہوں گے۔ ٹیسٹ میں کامیاب ہونے والے بے شمار امیدوار مستقبل میں ڈاکٹرز بن کر وطن کی خدمت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں 1 لاکھ 67 ہزار سے زائد امیدوار آج ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس ٹیسٹ دے رہے ہیں۔ سندھ میں ڈاؤ یونیورسٹی کے زیر انتظام ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ لیا جائے گا۔ سندھ بھر سے 38 ہزار 700امیدوار میدان میں آگئے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق سندھ کے امیدواروں میں13 ہزار کا تعلق کراچی سے ہے۔ کراچی میں ڈاؤ یونیورسٹی کے اوجھا کیمپس اور این ای ڈی یونیورسٹی میں قائم امتحانی مراکز میں امیدواروں سے ٹیسٹ لیے جائیں گے۔
رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے 5 ہزار 806 امیدوار بھی انٹری ٹیسٹ میں حصہ لے رہے ہیں، صوبے کے میڈیکل کالجز میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ کا مقام بیوٹمز رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ خیبر پختونخوا کے ہزاروں امیدوار بھی میدان میں ہیں۔
خیبر پختونخوا کے 42 ہزار سے زائد امیدوار ٹیسٹ میں حصہ لے رہے ہیں، ٹیسٹ کیلئے خیبر پختونخوا کے 8 اضللاع میں 13 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ ملک کے تمام علاقوں سے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس ٹیسٹ کے امیدوار وطن کی خدمت کیلئے پرعزم ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








