سوات میں سفارتکاروں کے قافلے میں شامل پولیس وین کے قریب دھماکہ، ایک اہلکارشہید

تازہ ترین

تازہ ترین

وین کے قریب دھماکہ
(فوٹو: خیبر پختونخوا پولیس)

سوات میں سفارتکاروں کے قافلے میں شامل پولیس وین کے قریب دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں 1 اہلکار شہید جبکہ 3 زخمی ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق دھماکہ مالم جبہ روڈ پر ہوا، سفارت کاروں کے قافلے کے ساتھ پولیس وین کے قریب ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں جانی نقصان ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گرد حملے میں 4 پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے جن میں سے ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔

شہید ہونے والے اہلکار کی شناخت برہان کے نام سے ہوئی جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوئے۔ دھماکے کے نتیجے میں پولیس وین کو جزوی نقصان پہنچا ہے جبکہ دھماکے سے زخمی اہلکاروں کو فوری ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔

متاثرہ علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔ متعلقہ ڈی پی او کا کہنا ہے کہ پولیس کی گاڑی آئی ای ڈی سے ٹکرا گئی تھی۔ دوسری جانب دفتر خارجہ نے کہا کہ سفارت کاروں کا گروپ مالم جبہ سے اسلام آباد آرہا تھا جب دھماکہ ہوا تاہم تمام سفارت کار بحفاظت واپس آگئے ہیں۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ای ڈی دھماکے کی مذمت کی ہے۔ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اہلکار کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی اور دیگر سیاسی شخصیات نے زخمیوں اور لواحقین سے یکجہتی کا اظہار بھی کیا ہے۔

Related Posts