بیروت: لبنان پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 492افراد شہید جبکہ سینکڑوں زخمی ہوگئے ہیں۔ درجنوں زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے لبنان کے جنوبی اور مشرقی علاقوں میں فضائی کارروائی کے دوران اندھا دھند بمباری کی، معصوم شہری، طالبات، خواتین اور بچوں کا جانی نقصان ہوا۔ حملے کے نتیجے میں 492افراد شہید جبکہ 1600سے زائد زخمی ہوئے۔
زخمی اور شہید ہونے والوں میں زیادہ تر بچے اور خواتین شامل ہیں، اسرائیلی فوج نے متعدد گھروں کو تباہ کردیا، بیروت میں کیے گئے فضائی حملے میں حزب اللہ کے جنوبی ریجن کمانڈر علی کرکی کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ اب تک 58خواتین، 36بچوں، 2 طالبات کی شہادت کی تصدیق ہوئی ہے۔
عالمی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فضائی کارروائی کے نتیجے میں متاثرہ علاقوں میں عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں، سیکڑوں شہری نقل مکانی پر مجبور ہو گئے۔ اسرائیلی فوج نے لبنانی شہریوں کو حملے سے قبل آج صبح ٹیکسٹ میسجز بھیج کر حزب اللہ کے زیر استعمال عمارات سے دور رہنے کا کہا تھا۔
اسرائیلی بمباری سے قبل سائرن بجائے گئے، حملے سے متاثرہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ حزب اللہ نے دعویٰ کیا کہ ریجن کمانڈر علی کرکی حملے میں محفوظ رہے، تاہم بعض میڈیا رپورٹس میں انہیں شہید بتایا جارہا ہے، جس کی تصدیق نہیں ہوسکی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








