اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ ہم عدلیہ پر پابندی لگانے والی آئینی ترمیم قبول نہیں کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ مخصوص نشستیں تحریکِ انصاف کا استحقاق ہے، الیکشن کمیشن 38اراکینِ قومی اسمبلی کے متعلق اعلان جلد کرے۔
گفتگو کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے چوتھی میٹنگ کرلی، پھر بھی فیصلہ نہیں کیا، فیصلے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ سپریم کورٹ الیکشن اپنے تحریری فیصلے میں الیکشن کمیشن کے کردار پر سوال اٹھا چکی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جس آئینی ترمیم سے عدلیہ پر قدغن لگے، ہم اسے قبول نہیں کریں گے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے تاخیری حربوں کے باعث کے پی کے میں سینیٹ انتخابات میں تاخیر ہوئی۔ پی ٹی آئی 38اراکینِ قومی اسمبلی کے نوٹیفکیشن جاری کرنے کا مطالبہ کرتی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ “ہم عمران خان کی ہدایت پر 28 ستمبر کو راولپنڈی میں جلسہ ضرور کریں گے۔” چیئرمین پی ٹی آئی کا یہ بیان سپریم کورٹ کے گزشتہ روز جاری کردہ تفصیلی فیصلے کے بعد سامنے آیا جس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا گیا تھا۔
تفصیلی فیصلے میں سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کے یکم مارچ کے فیصلے کی قانونی حیثیت ختم کردی۔ عدالتِ عظمیٰ نے الیکشن کمیشن کو خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستیں تحریکِ انصاف کو دینے کا حکم دیا اور الیکشن رول 94 کو خلافِ آئین قرار دیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








