کراچی میں باپ پسند کی شادی پر راضی نہ ہوا تو 17 سالہ نوجوان لڑکی نے پھندا لگا کر مبینہ طور پر خودکشی کرلی۔ پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کردی۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق سر سیّد تھانے کی حدود میں نارتھ کراچی کی بلال کالونی میں کچی آبادی کے ایک گھر سے نوجوان لڑکی کی گلے میں پھندا لگی لاش برآمد ہوئی۔ لاش کو قانونی کارروائی کیلئے عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کی شناخت 17سالہ راحت کے نام سے ہوئی جس کے والد مبینہ طور پر اس کی شادی اس کی پسند سے کرنے کیلئے راضی نہیں ہوئے تھے۔ ایس ایچ او سر سیّد تھانہ نے واقعے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
ایس ایچ او فرخ ہاشمی نے کہا کہ 17سالہ لڑکی کی بڑی بہن نے بتایا کہ راحت کسی لڑکے کو پسند کرتی اور اس سے شادی کرنا چاہتی تھی لیکن والدین نے پسند کی شادی کی مخالفت کی۔ پیر کی رات کو والد ریاض نے بیٹی راحت کا رشتہ طے کرکے اسی جگہ شادی کرنے کا حکم دے دیا۔
ریاض نے بیٹی سے کہا کہ جہاں میں نے رشتہ طے کیا ہے، وہیں تمہاری شادی ہوگی جس پر راحت دلبرداشتہ ہوگئی اور منگل کی صبح کسی وقت خودکشی کا ارتکاب کربیٹھی۔ والد اور بھائی کام پر جاچکے تھے جب بڑی بیٹی کو ناشتہ بنانے کے وقت کچھ گرنے کی آواز آئی۔
بڑی بیٹی اور والدہ نے جا کردیکھا تو راحت نے دوپٹے کی مدد سے گلے میں رسی کا پھندا لگا کر اپنی جان لے لی تھی۔ بڑی بہن اور ماں نے مل کر لاش کو پھندے سے اتارا اور اسپتال منتقل کیا۔ ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ بظاہر یہ واقعہ خودکشی لگتا ہے تاہم واقعے کی مزید پہلوؤں سے بھی تفتیش ہوگی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








