معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر نے ہنی ٹریپ کیس میں ملزمان سے برآمد کیے گئے اپنے سامان اور رقم کی حوالگی کیلئے درخواست دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر کی درخواست کی سماعت انسدادِ دہشت گردی عدالت لاہور کے جج ارشد جاوید نے کی۔ درخواست میں خلیل الرحمٰن قمر نے ہنی ٹریپ اور اغوا برائے تاوان کیس میں اپنے سامان سپرداری پر حوالگی کی استدعا کی۔
اپنی درخواست میں ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر نے استدعا کی کہ پولیس نے ملزمان سے 2 لاکھ 40 ہزار روپے اور میری گاڑی کی رجسٹریشن بک برآمد کرلی ہے۔ ملزمان نے میرے اے ٹی ایم کی مدد سے بینک سے بھی رقم نکال لی تھی، میری رقم اور رجسٹریشن بک دی جائے۔
درخواست میں ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر نے کہا کہ مجھے رجسٹریشن بک اور رقم سپرداری پر دی جائے جس پر عدالت نے پراسیکیوشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مقدمے کی سماعت 28ستمبر تک کیلئے ملتوی کرلی۔ عدالت نے متعلقہ حکام سے جواب طلب کرلیا ہے۔
خیال رہے کہ خلیل الرحمٰن قمر ہنی ٹریپ اور اغوا برائے تاوان کے کیس میں مرکزی ملزمہ آمنہ عروج، شریک ملزم حسن شاہ اور رفیق عرف فیکی سمیت دیگر ملزمان جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے ہنی ٹریپ کیس پر مزید تفتیش جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








