نوری آباد پاور پراجیکٹ ریفرنس، وزیر اعلیٰ سندھ سمیت تمام ملزمان بری

تازہ ترین

تازہ ترین

مراد علی شاہ
(فوٹو: بلوچستان پوائنٹ)

اسلام آباد: احتساب عدالت نے نوری آباد پاور پراجیکٹ ریفرنس میں وزیر اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ سمیت تمام ملزمان کو بری کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت دیگر کے خلاف ریفرنس کی سماعت کی۔ ملزمان کے وکیل قاسم نواز عباسی نے عدالت میں دلائل دئیے۔ چیئرمین نیب نے ریفرنس واپس لینے کی درخواست دی تھی۔

عدالت نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی ریفرنس واپس لینے کی درخواست منظور کر لی جبکہ نوری آباد پاور پراجیکٹ ریفرنس جعلی اکاؤنٹس کیس کا حصہ ہے جس میں وزیر اعلیٰ سندھ پر پاور پلانٹ کیلئے فنڈز جاری کرنے میں قواعد کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

ماضی میں 2014 میں نوری آباد پاور پلانٹ کا منصوبہ 13ارب کی لاگت کے ساتھ شروع ہوا جس میں سندھ حکومت 49 جبکہ ایک نجی کمپنی 51فیصد شیئرز کی مالک ہے۔ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ پر الزام عائد کیا گیا کہ انہوں نے سندھ کابینہ سے حقائق چھپائے۔

وزیر اعلیٰ سندھ پر الزام تھا کہ انہوں نے موجودہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری کے قریبی دوست انور مجید کی زیر ملکیت اومنی گروپ آف کمپنیز کو فائدہ پہنچانے کیلئے سندھ کی صوبائی کابینہ کو گمراہ کیا اور کمپنیوں کو 3ارب روپے کا قرض بھی جاری کردیا۔

Related Posts