اسلام آباد: بھارت سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی سطح پر ممتاز مبلغ اسلام ڈاکٹر ذاکر نائیک نے جے یو آئی سربراہ سے ملاقات کی ہے اور انہیں ایک تحفہ بھی دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکٹر ذاکر نائیک نے مولانا فضل الرحمٰن سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، اس دوران ڈاکٹر ذاکر نائیک کے ہمراہ ان کے صاحبزادے فارق نائیک جبکہ مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ ان کا اعلیٰ سطحی وفد بھی تھا۔
اپنی رہائش گاہ پر ڈاکٹر ذاکر نائیک کا استقبال کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ آپ نے ہمارے گھر کو رونق بخشی ہے، آپ کے مشن میں اللہ تعالیٰ مزید برکت کا سبب بنائے گا، جس طریقے سے آپ جوابات عطا کرتے ہیں، وہ مسلم امہ کا دفاع ہوتا ہے۔
ملاقات کے دوران مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ دنیا کو عالمِ اسلام کے خوبصورت چہرے سے روشناس کرانا امت کا مشترکہ ہدف ہے، آپ ہمارے مہمان نہیں، میزبان ہیں، یہ آپ کا اپنا گھر ہے۔ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات میری خواہش تھی۔
معروف عالمِ دین ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ میری مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات کی خواہش آج پوری ہوگئی، کل کچھ دوستوں نے ملاقات کیلئے کہا، میں نے کہا کہ پہلے مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات ہوگی۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمٰن کی تعریف کی۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ آپ کی رہائش گاہ پر اپنائیت محسوس ہوئی ہے۔ دورانِ ملاقات مولانا فضل الرحمٰن نے ممتاز اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کو گلدستہ پیش کیا اور تحائف بھی دئیے۔ ترجمان جے یو آئی کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے مولانا فضل الرحمٰن کو پرفیوم کا تحفہ پیش کیا۔
خیال رہے کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک کا شمار بھارت کے معروف اسکالرز میں کیا جاتا ہے جس نے عالمی سطح پر تقابلِ ادیان کے معاملے پر تحقیق کا ادارہ اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن قائم کیا اور ان کے ٹی وی چینل پر تقاریر کے دوران بے شمار افراد نے اسلام قبول کیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








