پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان کا قومی ٹیم کی کپتانی سے استعفیٰ منظور کرلیا گیا ہے۔ بابر اعظم نے ون ڈے اور ٹی 20 دونوں قسم کی کرکٹ کی کپتانی سے معذرت کی تھی۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے کپتان بابر اعظم کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ کرکٹ بورڈ بابر اعظم کی بطور وائٹ بال کپتان خدمات، ٹیم کا مطلوبہ معیار پورا کرنے کے لیے ان کی صلاحیتوں اور پاکستان کرکٹ کے لیے ان کے غیرمتزلزل عزم کا معترف ہے۔
اپنے بیان میں پی سی بی نے کہا کہ کرکٹ بورڈ سمجھتا ہے کہ بابر اعظم ایک عالمی معیار کے بلے باز اور ایک سینیئر ٹیم ممبر کی حیثیت سے اب بھی ایک اہم کردار ادا کرسکتے ہیں اور پی سی بی ان کی حمایت جاری رکھے گا۔بابر اعظم نے بھی استعفیٰ دیتے ہوئے کہا تھا کہ قومی ٹیم کیق یادت میرے لیے اعزاز کی بات رہی ہے۔
اگلا کپتان کون ہوگا؟
موجودہ کرکٹ ٹیم شاید تاریخ کی وہ واحد کرکٹ ٹیم ہوگی جس میں کپتانی کے اتنے دعویدار موجود ہیں۔ سعود شکیل پہلے ہی کپتانی کے فرائض انجام دے چکے ہیں اور دے رہے ہیں تاہم ان کی کپتانی ٹیسٹ تک محدود تھی جبکہ شاہین آفریدی کو بھی قومی ٹیم کی کپتانی کا تجربہ ہے۔
دوسری جانب سابق کپتان اور وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد بھی کپتانی کے اچھے دعویدار ثابت ہوسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ محمد رضوان بھی ایک اچھے کپتان بننے کا فرض ادا کرسکتے ہیں۔ قومی کرکٹ ٹیم بابر اعظم کی کپتانی میں جن مشکلات کا شکار تھی، کپتانی ختم ہوجانے کے بعد ان سے نکلنے کے آثار دکھائی دے رہے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








