پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کے طور پر انتخاب کی کوشش میں بڑی حمایت حاصل ہوئی ہے کیونکہ 170 سے زائد سابق طلباء، عملے کے ارکان اور موجودہ طلباء نے ان کی امیدواری کے حق میں ایک پٹیشن پر دستخط کردیئے ہیں۔
ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ یونیورسٹی نے درخواست کی وصولی کی تصدیق کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق درخواست میں عمران خان کی شاندار کامیابیوں اور عوامی خدمت کے لیے زندگی بھر کی وابستگی کا حوالہ دیتے ہوئے معزز عہدے کے لیے ان کی فٹنس پر روشنی ڈالی گئی ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ درخواست پر تقریباً 176 سابق طلباء، عملے کے ارکان اور طلباء نے دستخط کیے اور یہ اقدام عمران خان کے بین الاقوامی امور کے مشیر زلفی بخاری نے اٹھایا۔
درخواست میں سابق وزیر اعظم کے قابل ذکر کارناموں کا حوالہ دیا گیا، جن میں پاکستان کو 1992 میں کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے میں رہنمائی کرنا، شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال اور نمل یونیورسٹی کا قیام، نو سال تک یونیورسٹی آف بریڈ فورڈ کے چانسلر کے طور پر خدمات انجام دینا، احساس پروگرام کو نافذ کرنا شامل ہیں۔
درخواست گزاروں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ عمران خان کی امیدواری الیکشن کمیٹی کے تقاضوں کے مطابق ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








