اسلام آباد: پاکستان سمیت دنیا بھر میں عالمی یومِ اساتذہ (ورلڈ ٹیچرز ڈے) آج منایا جارہا ہے۔ عالمی برادری دنیا بھر کے علم سے بے بہرہ افراد کو علم دینے والے اساتذہ کی اہمیت کا اعتراف کر رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں اساتذہ کرام کے انمول کردار کو خراجِ تحسین پیش کرنے اور گراں قدر خدمات کی تعریف کیلئے عالمی یومِ اساتذہ ہر سال 5 اکتوبر کو منایا جاتا ہے۔ بین الاقوامی دن منانے کا یہ سلسلہ 1994 سے شروع ہوا تھا۔
وقت کے ساتھ ساتھ پاکستان سمیت دنیا بھر کے ممالک میں عالمی یومِ اساتذہ ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جانے لگا، ایسے معاشرے جہاں ماضی میں عالمی یومِ اساتذہ کے متعلق کوئی شعور نہیں تھا، وہاں بھی بچے ٹیچرز ڈے پر اساتذہ کو تحائف بھیجنے لگے۔
اسلام سمیت دیگر مذاہب کے پیروکار بہت سے افراد کا ماننا ہے کہ اساتذہ سارا سال اپنے شاگرد طلبہ و طالبات کو تعلیم دیتے اور ان کے مستقبل کی آبیاری کرتے ہیں۔ ایسے میں ہر سال صرف 5 اکتوبر کو انہیں خراجِ تحسین پیش نہیں کیا جانا چاہئے بلکہ ہر روز احترام کرنا چاہئے۔
تاہم ٹیچرز ڈے کی مناسبت سے بچوں کی جانب سے اساتذہ کو تحائف اور تہنیتی کارڈز بھیجنے کا مقصد بھی اساتذہ کی تحسین ہے جس کا موقع سال بھر میں اگر کبھی میسر نہ ہو تو 5 اکتوبر کے روز عالمی دن منانے میں بھی کوئی ہرج نہیں سمجھا جانا چاہئے۔
وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ استاد اور شاگرد کا یہ خوبصورت رشتہ نئے احساسات کی توجہ کا مرکز بنا ہے تاہم اساتذہ کیلئے صرف تحائف، کارڈز اور تحفے تحائف کافی نہیں۔ طلبہ و طالبات کو چاہئے کہ اساتذہ کو اپنی زندگی کے ہر موقعے پر یاد رکھیں اور ان کی عزت و احترام میں کوئی کمی نہ چھوڑی جائے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








