کراچی ائیرپورٹ خودکش حملہ جس گاڑی سے کیا گیا، اس کا مالک بلوچستان کا رہائشی نکلا، چینی شہریوں کو نشانہ بنانے والی دہشت گردی کی تفصیلی رپورٹ تیار کرلی گئی ہے۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق دہشت گرد حملہ خودکش تھا جس میں 70 سے 80 کلوگرام بارودی مواد استعمال ہوا، گاڑی کا مالک بلوچستان کا رہائشی ہے۔ نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کا کہنا ہے کہ کراچی ائیرپورٹ سگنل کے قریب دھماکے کی رپورٹ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے تیار کی۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکہ گاڑی میں وی بی آئی ای ڈی کے ذریعے کیا گیا، جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے روانگی کے سگنل پر دھماکے کے بعد جائے وقوعہ کے معائنے سے معلوم ہوا کہ خودکش حملے کا ہدف غیر ملکیوں کا وفد تھا جس سے 12گاڑیاں بری طرح متاثر ہوئیں۔
خودکش دھماکے سے 3 گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں، دھماکے کا باعث بننے والا خودکش حملہ آور گاڑی میں دھماکہ خیز مواد لے کر سوار ہوا تھا جس نے چینی باشندوں کی آمد کا انتظار کیا اور ہدف قریب آتے دیکھ کر گاڑی ان سے ٹکرا کر دھماکا کردی۔ سی ٹی ڈی حکام نے شواہد کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ حملے میں استعمال کی گئی گاڑی کے چیسز سے مالک کی تفصیلات کا علم ہوا ہے جس کا نام شاہ فہد ہے اور وہ بلوچستان کے شہر نوشکی کا رہنے والا ہے۔ نادرا ریکارڈ کے تناظر میں تفتیش کا دائرہ بلوچستان تک وسیع کردیا گیا۔ شاہ فہد کی دستاویزات اور سموں کے ڈیٹا پر بھی تفتیش جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








