ٹھٹھہ: پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ ملک میں آئینی ترامیم ضروری ہیں تاکہ عوام کو انصاف ملے جبکہ عمران خان کی رہائی کیلئے عدالت سے رجوع کرنا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق ٹھٹھہ میں میڈیا سے گفتگو کے دوران نثار کھوڑو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے بانی اور سابق وزیراعظم پاکستان ذوالفقار علی بھٹو کو بھی انصاف نہیں ملا تھا، اور پچاس سال بعد ایک جج نے تسلیم کیا کہ بھٹو کے ساتھ ناانصافی ہوئی تھی۔
پی پی پی رہنما نثار کھوڑو نے عدالتی نظام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فوری انصاف نہ ملنے کی وجہ سے لوگ جرگے میں جانے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے عمران خان کی سزا کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر عمران خان کو رہائی چاہیے تو انہیں عدالتوں سے رجوع کرنا چاہیے۔
صدر پی پی پی سندھ نثار کھوڑو نے کہا کہ احتجاج کے نام پر جمہوریت پر حملے کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور اسلام آباد آنے پر کسی پر پابندی نہیں لگائی جا سکتی، مگر سوال یہ ہے کہ وہاں کیا کیا جا رہا ہے؟ٍپیپلز پارٹی ہمیشہ جمہوریت کی بقاء کیلئے کھڑی رہی ہے۔
نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ اس سال 18 اکتوبر کو حیدرآباد میں ایک بڑا جلسہ منعقد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جمہوری خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بی بی شہید نے پارلیمنٹ کو مضبوط کیا، اور بلاول بھٹو زرداری بھی اسی ویژن کو آگے بڑھا رہے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








