پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار اعجاز اسلم کے والد کے بعد والدہ بھی انتقال کر گئی ہیں، اداکار نے سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کو خود آگاہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق اداکار اعجاز اسلم نے فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں اپنی والدہ کے انتقال کی اطلاع دیتے ہوئے ایک تصویر پوسٹ کی جس میں ان کی بیمار والدہ کو اسپتال میں دیکھا جاسکتا ہے۔
گزشتہ روز انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں اداکار اعجاز اسلم نے کہا کہ میری خوبصورت والدہ اِس دارِ فانی سے ایک بہتر مقام کی جانب کوچ کر گئی ہیں۔ ان کی مہربانیاں، محبت اور عقل و دانش مجھے ہمیشہ یاد رہےگی۔
سوشل میڈیا پیغام میں اعجاز اسلم نے کہا کہ آج جب میں اپنی والدہ کے غم میں نڈھال ہوں، آپ سب سے درخواست ہے کہ میری والدہ کو اپنی دعاؤں اور نیک تمناؤں میں یاد رکھیں۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں دائمی اطمینان عطا فرمائے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل 2021 کے اواخر میں اداکار اعجاز اسلم کے والد بھی انتقال کر گئے تھے جس پر شوبز شخصیات نے گہرے رنج و غم کا اظہار اور غمزدہ فنکار سے تعزیت کی تھی۔ سوشل میڈیا پر یہ اطلاع ان کے دوست، اداکار عدنان صدیقی نے دی تھی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








