کراچی کے علاقے ڈیفنس میں خام تیل کی لائن لیک ہونے کے باعث سڑک تیل سے بھر گئی ہے۔ لیکیج کا یہ واقعہ ڈیفنس کے علاقے خیابانِ سحر میں پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈیفنس کے علاقے خیابانِ سحر میں آئل ریفائنری کی لائن لیک ہوجانے کے باعث تیل سڑک پر جمع ہوگیا۔ کراچی کے علاقے کورنگی سے کیماڑی آئل فیلڈ جانے والی لائن خیابانِ سحر کے رہائشی علاقے میں پھٹی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر ٹینڈرز جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ مقامی پولیس نے تیل سے بھر جانے والی سڑک ہر قسم کی ٹریفک کی آمدورفت کیلئے بند کردی۔ جائے وقوعہ پر فائر ٹینڈرز اور پولیس اہلکار موجود ہیں۔
خام تیل کی لائن کیوں پھٹی؟ اس کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی، آئل ریفائنری کے انجینیئر بھی لائن پھٹنے کے مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔واقعے سے مقامی انتظامیہ کو بھی مطلع کردیا گیا ہے۔
ایس ایچ او درخشاں عرفان آصف کا کہنا ہے کہ لیکیج خیابانِ سحر کی اسٹریٹ نمبر 25 کے قریب ہوئی جو نیشنل آئل ریفائنری کی پائپ لائن کے مرکزی مقام سے نکل رہی ہے۔ پائپ لائن کے ذریعے تیل کی فراہمی کا عمل معطل کردیا گیا۔
تیل فراہمی معطل کرنے کا مقصد مزید خام آئل کو سڑک پر جمع ہونے سے روکنا ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ نیشنل آئل ریفائنری کی تکنیکی ٹیم جائے وقوعہ کا تفصیلی معائنہ کرنے کیلئے پہنچے گی۔ متعلقہ سڑک سیل ہونے کے باعث عوام کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








