حماس سربراہ یحییٰ سنوار کی شہادت، پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی

تازہ ترین

تازہ ترین

یحییٰ سنوار
(فوٹو: سی این این)

جدوجہدِ آزادئ فلسطین کی مسلح تحریک حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار کی اسرائیلی فورسز سے لڑائی میں شہادت کے بعد شہید رہنما کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق آج سے 4روز قبل غزہ کے علاقے رفح میں اسرائیلی فورسز کے ساتھ لڑتے ہوئے شہید ہونے والے یحییٰ سنوار کی شہادت سے قبل کی ڈرون ویڈیو بھی جاری کی گئی تھی۔ نجی ٹی وی جیو نیوز کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ یحییٰ سنوار ایک تباہ حال عمارت کی دوسری منزل پر زخمی حالت میں صوفے پر پرسکون انداز میں بیٹھے ہوئے تھے جو ویڈیو میں دکھایا گیا۔

رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فورسز نے یحییٰ سنوار کی ایک اور ویڈیو جاری کی تھی جس میں یحییٰ سنوار نے صیہونی فورسز کے ساتھ جھڑپ اور کھڑکی سے فائرنگ کی۔ یحییٰ سنوار کی شہادت کے بعد شناخت کی تصدیق کیلئے دانتوں اور جسم کے کچھ حصے کا ٹیسٹ کیا گیا تھا۔ امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حکام نے حماس کے شہید سربراہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ جاری کی ہے۔

نیو یارک ٹائمز کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم کے مطابق یحییٰ سنوار کی شہادت سر میں لگنے والی گولی کے باعث ہوئی۔ پوسٹ مارٹم کرنے والے اسرائیلی ڈاکٹر چین کوگل کا امریکی اخبار سے گفتگو کے دوران کہنا تھا کہ حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار کے ہاتھ  میزائل یا ٹینک کے شیل کے باعث زخمی ہوگئے تھے۔ انہوں نے زخمی بازو سے بہتا خون روکنے کیلئے اسے تار سے باندھ دیا۔

ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ یحییٰ سنوار کا بازو ٹوٹ چکا تھا۔ سر میں گولی لگنے کے باعث یحییٰ سنوار شہید ہوگئے، نیو یارک ٹائمز کا کہنا ہے کہ گولی کس اسلحے سے کس نے اور کب چلائی؟ یہ واضح نہیں ہوسکا۔ اسرائیلی فوج نے کہا کہ یحییٰ سنوار کی شہادت رفح میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ مقابلے میں ہوئی۔ اسرائیلی فورسز کو حملے سے قبل یحییٰ سنوار کی موجودگی کا علم نہیں تھا۔

Related Posts