جی ایچ کیو حملہ کیس، عمران خان سمیت دیگر پر 27سنگین دفعات عائد

تازہ ترین

تازہ ترین

عمران خان
(فوٹو: واشنگٹن پوسٹ)

راولپنڈی: سانحہ 9 مئی سے منسلک جی ایچ کیو حملہ کیس کے چالان میں سابق وزیراعظم عمران خان اور دیگر ملزمان پر 27 سنگین دفعات عائد کی گئی ہیں۔

نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ جی ایچ کیو حملہ کیس کے چالان میں عائد کیے گئے الزامات کے تحت ملزمان نے سابق صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کی قیادت میں جی ایچ کیو پر دھاوا بول دیا، حملے کے دوران گیٹ توڑا گیا، فوجی جوانوں سے بھرپور مزاحمت اور توڑ پھوڑ کی گئی۔ حساس عسکری املاک کو نقصان پہنچایا اور آگ لگا دی۔

رپورٹ کے مطابق چالان میں کہا گیا ہے ملزمان نے ڈنڈوں اور پتھروں سے حملہ کیا اور پیٹرول بم مارے۔ ملزمان جی ایچ کیو گیٹ توڑ کر داخل ہوئے، ملک میں بحاوت کا سامان پیدا کیا، جی ایچ کیو بلڈنگ کے شیشے توڑ دئیے۔ پاک فوج کی ساکھ کو نقصان پہنچایا۔ عسکری ملازمین پر حملے کیے، ملک دشمن اور فورسز دشمن نعرے بازی کی اور آئی ایس آئی کی عمارت پر حملہ کیا۔

چالان کے مطابق ملزمان نے منظرم مجرمانہ سازش کے تحت مظاہرہ کیا، فورسز نے موقعے پر 6 ملزمان کو گرفتار کیا جن کی نشاندہی پر مزید گرفتاریاں ہوئیں۔ چالان میں ملزمان کو عبرت ناک سزائیں دینے کی سفارش کی گئی۔ مقدمے کے 3 وعدہ معاف گواہوں میں سابق رکنِ قومی اسمبلی صداقت عباسی، سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب واثق قیوم عباسی اور سابق ایم پی اے عمر تنویر بٹ منحرف ہوگئے۔

منحرف اراکین اسمبلی نے درخواستیں دائر کی ہیں۔ دوسری جانب انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت 30 اکتوبر تک ملتوی کردی۔ مقدمے میں نامزد 28 ملزمان میں فردِ جرم کیلئے چالان کی نقول تقسیم کردی گئیں۔ ملزمان میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید، عثمان ڈار، امجد نیازی اور راجہ بشارت شامل ہیں۔

Related Posts