سری لنکا کو شکست، افغانستان نے ایمرجنگ ٹیمز ٹی 20ایشیا کپ جیت لیا

تازہ ترین

تازہ ترین

افغانستان
(فوٹو: کرکٹ ورلڈ)

افغانستان نے ایمرجنگ ٹیمز ٹی20 ایشیا کپ 2024 کے فائنل میں سری لنکا کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا۔ سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں پر 133 رنز بنائے، افغانستان نے 18.1 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز کا ہدف حاصل کر لیا۔

سری لنکا کے 134 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی اننگز کا آغاز مشکلات کا شکار رہا، جب پہلے ہی اوور میں زبید اکبری بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔ افغانستان کی دوسری وکٹ 43 رنز پر گری جب درویش رسولی 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ کریم جنت 33 رنز بنانے کے بعد 95 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹے۔

افغانستان کی کامیابی میں صدیق اللہ اتل نے اہم کردار ادا کیا، انہوں نے 55 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جبکہ محمد اسحاق نے 16 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

فائنل سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور اننگز کا آغاز مشکلات سے بھرا رہا۔ سری لنکا کی پہلی چار وکٹیں 15 کے مجموعی اسکور تک گر چکی تھیں۔ سہان آراچیگے نے 64 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ سری لنکا کے دیگر بلے بازوں میں صرف پاون راتھنائیکے اور نمیش ویمکتی کچھ مزاحمت کر سکے، جنہوں نے بالترتیب 20 اور 23 رنز بنائے۔

افغانستان کے بلال سمیع نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اے ایم غضنفر نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی افغانستان نے ٹائٹل اپنے نام کیا اور سری لنکا کو فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔افغانستان کی پہلی جیت پر ملک بھر میں جشن کا سماں ہے۔

Related Posts