کارِ سرکار میں مداخلت، ایمان مزاری شوہر سمیت اسلام آباد سے گرفتار

تازہ ترین

تازہ ترین

ایمان مزاری
(فوٹو: بی بی سی)

پولیس نے کارِ سرکار میں مداخلت پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری کی صاحبزادی اور معروف وکیل ایمان مزاری کو شوہر سمیت گرفتار کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق معروف سماجی کارکن ایمان مزاری کو اسلام آباد کے تھانہ آبپارہ کی پولیس نے گرفتار کیا۔ خاتون وکیل کو حراست میں لیے جانے کے بعد متعلقہ وومن تھانے میں منتقل کردیا گیا ہے۔ ایمان مزاری اور شوہر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ آج سے چند روز قبل ایمان مزاری اور ان کے شوہر نے تھانہ آب پارہ کی حدود میں زرعی ترقیاتی بینک کے سامنے پولیس کی جانب سے لگائی گئی رکاوٹیں ہٹائیں اور اس موقعے پر پولیس اہلکاروں سے تلخ کلامی بھی کی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں سے بدتمیزی اور کارِ سرکار میں مداخلت پر مبنی واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جس کے بعد ایمان مزاری اور شوہر کو گرفتار کیا گیا، دونوں میاں بیوی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرنے کیلئے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ یہ کوئی پہلا موقع نہیں ہے جب ایمان مزاری ایڈووکیٹ کو گرفتار کیا گیا ہو، بلکہ شیریں مزاری کی صاحبزادی پہلے بھی متعدد بار گرفتار ہوچکی ہیں۔ اگست کے دوران اسلام آباد پولیس نے ایمان مزاری کو رہائی کے فوری بعد بھی گرفتار کرلیا تھا۔

آج سے 2 ماہ قبل سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق اسلام آباد پولیس نے بارہ کہو تھانے میں درج مقدمے میں سابق وزیرِ انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری کی صاحبزادی ایمان مزاری کو گرفتار کیا جبکہ اے ٹی سی نے بغاوت سے متعلق مقدمے میں ان کی ضمانت منظور کی تھی۔

Related Posts