کراچی کے متعدد علاقوں کے شہری کئی روز سے پانی خرید کر استعمال کرنے پر مجبور ہیں، متعدد علاقوں میں پانی کی قلت بحران کی صورت اختیار کر گئی ہے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی واٹر کارپوریشن نے گزشتہ ہفتے 4روز تک پانی بند کرننے کا اعلان کیا تاہم شہر کے متعدد علاقوں کا پانی اب تک بحال نہیں کیا گیا جن میں نیو کراچی، لانڈھی، نارتھ ناظم آباد، لیاری، کھارادر اور اولڈ سٹی ایریاز شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق متعدد علاقوں میں پانی کی فراہمی بند ہونے کے باعث گھریلو معمولات درست نہ ہوسکے، عوام گھریلو استعمال کا پانی ٹینکرز اور کین خرید کر استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ کراچی میں پانی کی یومیہ ضرورت کا تخمینہ 120 کروڑ گیلن لگایا گیا ہے۔
حب کینال اور دھابیجی سے کراچی کو فراہم کیے جانے والے پانی کی مقدار 60 کروڑ گیلن یومیہ ہے جس میں سے لائن لیکیج اور چوری ہونے والا پانی نکال لیا جائے تو صورتحال تشویشناک ہوجاتی ہے، پانی کی قلت کی وجہ غیر منصفانہ تقسیم کو بھی قرار دیا جاتا ہے۔
چیئرمین واٹر کارپوریشن اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب 10 کروڑ گیلن پانی حب کینال سے کراچی لانے کیلئے میگا منصوبے کا آغاز کرچکے ہیں جسے 16ارب روپے کی لاگت سے آئندہ برس مکمل کیا جائے گا جس سے ضلع وسطی، غربی اور کیماڑی میں بہتری کی توقع ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








