اسلام آباد: پاکستان میں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے حادثے کا شکار ہونے والی کشتی پر سوار 23ایرانی ماہی گیروں کی جان بچانے پر پاک بحریہ سے اظہارِ تشکر کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے کہا کہ میں حادثے سے دوچار کشتی کی کھلے سمندر میں امداد کی ہنگامی کال پر پاک بحریہ کے بروقت جواب پر ان کی تعریف کرتا ہوں۔
ٹوئٹر پیغام میں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے مزید کہا کہ کشتی میں پھنسے 23ایرانی ماہی گیروں کو بحفاظت نکالنے پر پاک بحریہ کو مخلصانہ طور پر سراہتا ہوں۔ ایران اور پاکستان کے مابین عالمی پانیوں میں ریسکیو اور انسانی امدادی آپریشن میں قریبی تعاون ہے۔
ایرانی سفیر نے رواں برس مارچ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مجھے یاد ہے کہ پاک بحریہ نے کارروائی کرتے ہوئے آگ میں پھنسے ہوئے 8ماہی گیروں کی جانیں بھی بچائی تھیں۔ پاکستان اور ایران برادر ممالک ہیں جو مشکل وقت میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








