لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اداکارہ نرگس پر تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ایکشن لینے کی ہدایت کی ہے۔
حال ہی میں رکنِ پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر اداکارہ نرگس سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تشدد کے ایسے واقعات کسی طور قابلِ قبول نہیں۔ اداکارہ نرگس کو ہر صورت میں انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
وزیراعلی پنجاب مریم نواز صاحبہ نے فلمسٹار نرگس پر تشدد کا فوری نوٹس لیا، ان کی ہدایت پر میں نے نرگس سے ملاقات کی ، تشدد کے ایسے واقعات بالکل بھی قابل قبول نہیں ہیں، نرگس کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا pic.twitter.com/t4vPMSKuqT
— Hina Parvez Butt (@hinaparvezbutt) November 1, 2024
رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ مریم نواز نے خواتین پر کسی بھی قسم کے تشدد کو اپنی ریڈ لائن قرار دیا ہے۔ معروف اسٹیج اداکارہ نرگس پر تشدد کے الزام میں ان کے شوہر انسپکٹر ماجد بشیر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
مجھے یوں ہی فلمسٹار نرگس کے ساتھ تشدد کے واقعہ کا علم ہوا تو میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر فوری طور پر نرگس کے پاس پہنچی، ہم نے ان کی پروٹیکشن کے لئے پولیس اہلکار بھی تعینات کر دیا ہے۔ خواتین پر تشدد وزیراعلی مریم نواز کی ریڈ لائن ہے اسے کسی صورت بھی برداشت نہیں کیا… pic.twitter.com/BN6npcptcJ
— Hina Parvez Butt (@hinaparvezbutt) November 1, 2024
پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ اداکارہ غزالہ عرف نرگس کی مدعیت میں شوہر ماجد بشیر کے خلاف تھانہ ڈیفنس سی میں مقدمے کا اندراج عمل میں لایا گیا ہے۔ مقدمے میں تشدد اور گن پوائنٹ پر جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کی دفعات شامل کرلی گئیں۔
اس سے قبل اداکارہ نرگس کے بھائی خرم بھٹی نے شوہر انسپکٹر ماجد بشیر کے تشدد کی ون فائیو پر اطلاع دی۔ پولیس ایڈنس ٹی میں واقع اداکارہ نرگس کے گھر جا پہنچی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ میاں بیوی میں رقم کے لین دین پر جھگڑا ہوا ہے۔
نرگس کے بھائی خرم بھٹی نے کہا کہ انسپکٹر ماجد بشیر ہر روز ان کی ہمشیرہ کو تشدد کا نشانہ بناتا ہے۔ اداکارہ چند سال قبل انسپکٹر ماجد بشیر سے شادی کے بعد شوبز کی دنیا کو خیرباد کہہ کر بیوٹی سیلون کا کام شروع کرچکی ہیں جنہیں گھریلو تشدد کا سامنا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








