لندن: سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک کے معاشی اشاریے بہتر ہورہے ہیں جبکہ شہباز شریف اور مریم نواز اچھا کام کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق امریکا سے لندن واپسی پر میڈیا سے گفتگو کے دوران ن لیگ کے تاحیات قائد نواز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت میں وزیراعظم شہباز شریف اور پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز اچھا کام کر رہے ہیں اور پاکستان ٹریک پر واپس آرہا ہے۔
گفتگو کے دوران سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت نے قومی ائیر لائن (پی آئی اے) کی خریداری پر غور کی جو بات کی، اس پر مزید کام کا ارادہ ہے، اگر ایسا ہو تو ملک کو اچھی ائیر لائن مل جائے گی۔ ملک بھر میں مہنگائی کم ہورہی ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف نے کہا کہ شہباز شریف دن رات محنت کر رہے ہیں اور بہت بہتری آئی ہے، مریم نواز نے پنجاب میں بہت اچھا کام کیا ہے، مریم نواز کو دن رات بس ایک فکر ہے کہ غریب آسانی سے زندگی گزار سکے۔
دوسری جانب سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پی آئی اے کی خریداری کے متعلق نواز شریف کی بات سنی تو میں نے اپنا سر پکڑ لیا کہ یہ کیا لوگ ہیں؟
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں معروف سیاست دان فواد چوہدری نے کہا کہ آدمی حیران ہوجاتا ہے کہ نواز شریف 50سال سے اس ملک میں سیاست کر رہے ہیں اور 50سال بعد بھی انہیں یہ بنیادی بات سمجھ میں نہیں آرہی؟
حال ہی میں فواد چوہدری نے کہا کہ قومی ائیر لائن (پی آئی اے) کی نجکاری آئی ایم ایف کی اصلاحاتی شرائط کے تحت ہورہی ہے۔ حکومت فعال بزنس سے علیحدہ ہوگی۔ اگر صوبائی حکومتیں وفاق سے کاروبار خریدیں گی تو یہ کان الٹے ہاتھ سے پکڑنا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








