مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان نے ملک میں رجب المرجب کا چاند نظر آنے کا اعلان کردیا، جس کے بعد شب معراج کی انگریزی تاریخ بھی سامنے آگئی ہے۔
وزارت مذہبی امور کی طرف سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد کی زیر صدارت وزارت مذہبی امور میں ہوا جبکہ زونل اور ضلعی ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے متعلقہ مقامات پر ہوئے۔
اس موقع پر ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ یکم رجب کل جمعرات 2 جنوری کو ہوگی جبکہ شب معراج 28 جنوری کو ہوگی۔
اجلاس کے آخر میں غزہ وفلسطین اور لبنان کے مظلوم مسلمانوں کی آزادی، عالم اسلام کے اتحاد و اتفاق، حرمین شریفین کے تحفظ، ملک پاکستان کی سلامتی و استحکام، ترقی وخوشحالی، اتحادو وحدت کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








