معروف اداکار ورون دھون کی ایک اور ویڈیو منظر عام پر آگئی ہے جس میں انہیں مختلف اداکاراؤں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، تاہم سوشل میڈیا صارفین نے اداکار کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ورون دھون کو اکثر ایک دوستانہ اور شوخ مزاج اداکار کے طور پر دیکھا گیا ہے، خاص طور پر اپنے ساتھی اداکاروں، بشمول خواتین اداکاراؤں کے ساتھ ان کا برتاؤ دوستانہ ہوتا ہے۔ تاہم سوشل میڈیا صارفین نے بارہا انہیں حدود سے تجاوز کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
میڈیا کے مطابق ورون دھون کے رویے کی وجہ سے ان کی خواتین ساتھی اداکارائیں سیٹ پر پریشانی محسوس کرتی ہیں۔ ان کی دلکش شخصیت کے باوجود، کچھ لوگ سوال اٹھاتے ہیں کہ کیا ورون کی شوخیاں حد سے تجاوز کر جاتی ہیں؟ کیا وہ محض اپنے معمول کے ‘شوخ’ انداز میں ہیں، یا ان کے ساتھی فنکاروں کے ساتھ ان کے رویے میں کوئی گہرا مسئلہ ہے جسے درست کرنے کی ضرورت ہے؟
رپورٹ کے مطابق ورون دھون کے ساتھی فنکاروں کے ساتھ رویے پر بحث و تمحیص جاری ہے اور مداحوں سمیت سوشل میڈیا صارفین کسی نتیجے تک نہیں پہنچ سکے کہ آخر کیوں ورون دھون اس قسم کے رویے کا مظاہرہ کرتے ہیں جو ساتھی اداکاراؤں کیلئے پریشانی کا باعث بنے، جبکہ یہ فنکار وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اداکاری کے میدان میں کامیابی بھی حاصل کررہا ہے۔
سال 2024 کی بے بی جان، 2022 کی بھیڑیا اور جگ جگ جیو، 2019 کی کلنک، 2018 کی سوئی دھاگا، 2017 کی جڑواں 2 اور بدری ناتھ کی دلہنیا کے علاوہ 2016 کی ڈھشوم میں بھی اداکار ورون دھون کی اداکاری، رقص اور ایکشن کو بہت سراہا گیا، جس سے ورون دھون کے باصلاحیت اداکار ہونے کا پتہ چلتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








